Estb. 1882

University of the Punjab

News Archives

News Updates

خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارکر بروئے کار لانا چاہیے،وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد
خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارکر بروئے کار لانا چاہیے،وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد


لاہور (3دسمبر،منگل):پنجاب یونیورسٹی چائلڈ ویلفیئر سنٹر کے خصوصی بچوں نے ہم نصابی سرگرمیوں میں شاندارکارکردگی کامظاہر ہ کرتے ہوئے معاشرے کواپنا اہم فرد ہونے کا احساس دلایا۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی چائلڈ ویلفیئر سنٹر کے زیر اہتمام کریسنٹ ماڈل سکول کے اشتراک سے خصوصی افراد کے عالمی دن پرلاء کالج کے ڈاکٹر پرویزحسن انوائرنمنٹل لاء سنٹر میں منعقدہ تقریب میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد اختر، سابق وائس چانسلرلیفٹیننٹ جنرل(ر)ارشد محمود،چیئرپرسن شعبہ سپیشل ایجوکیشن ڈاکٹر حمیرا بانو، پرنسپل چائلڈ ویلفیئر سنٹرعائشہ وجیہہ اللہ،فیکلٹی ممبران، خصوصی بچے اوران کے والدین نے شرکت کی۔تقریب میں خصوصی بچوں نے قوالی پیش کرتے ہوئے نبی کریم ﷺ سے والہانہ محبت کااظہار کیا۔ خصوصی بچوں نے عام سکولوں میں داخلے سے متعلق اپنے مسائل کے حوالے سے خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے خاکے کے ذریعے بتانے کی کوشش کی کہ وہ نارمل بچوں کے سکولوں میں پڑھ کرقدرتی ماحول سے استفادہ کرتے ہوئے روزمرہ کی سرگرمیاں سیکھنا چاہتے ہیں لیکن انہیں انکار کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نارمل بچوں کے ساتھ تعلیم حاصل کرکے ان کی صلاحیتوں میں نکھار آسکتا ہے اور وہ نارمل بچوں میں دوسروں کی مدد کا جذبہ بھی پیدا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے چار ماہ سے کرفیوں کے باعث مقبوضہ کشمیر میں بچوں پر ہونے والے بھارتی مظالم پر مبنی خاکہ بھی پیش کیا۔انہوں نے خاکے کے ذریعے اپنے بچوں کو کھودینے والی کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزارتی کشمیری ماؤں کی بہترین تصویر کشی کی۔ تقریب میں خصوصی بچوں نے مختلف لباس زیب تن کرکے پاکستان کے تمام صوبوں کی ثقافت کو اجاگر کیا۔ تقریب میں موجود حاضرین نے بچوں کو خوب داد دی اور کھڑے ہوکر تالیاں بجائیں۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر نیازاحمد نے کہا کہ خصوصی بچوں میں بھی اللہ نے خصوصی صلاحیتیں پیدا کی ہیں جنہیں نکھار کر بروئے کار لانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ خصوصی بچوں کی تربیت کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ خوشگوار زندگی بسر کر سکیں۔ انہوں نے بہترین تقریب کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے چائلڈ ویلفیئر سنٹر کے اساتذہ کیلئے اعزازیہ کا اعلان کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل(ر)ارشد محمودنے کہا کہ خصوصی بچوں کی زیادہ سے زیادہ امداد کی جانے چاہیے بالخصوص ایسے بچے جو قدرِ بہتر ہیں انہیں نارمل بچوں کے سکولوں میں داخل کرایا جانا چاہیے۔ انہو ں نے کہا کہ خصوصی بچے معاشرے کی ذمہ داری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچے اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ڈاکٹر حمیرا بانو نے چائلڈ ویلفیئر سنٹر کو بہترین سٹاف اور اساتذہ مہیا کرنے اور خصوصی افراد کی بہبود کیلئے معاونت پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں تقریب میں بہترین کارکردگی دکھانے والے بچوں میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔